نئی دہلی،26؍ اگست (پی ٹی آئی) کانگریس نے آئندہ سال منعقد شدنی عام انتخابات میں نریندر مودی اور امیت شاہ کی جوڑی سے محاذ آرائی کے لئے خاص کورگروپ کمیٹی کا انتخاب کرلیا ہے اور بزرگ لیڈروں پر اعتماد ظاہرکیا ہے ۔ لوک سبھا انتخابات کے لئے ابھی تقریباً 8ماہ باقی ہیں تاہم کانگریس ابھی سے پوری تیاری میں جٹ گئی ہے ۔ گذشتہ ماہ کانگریس صدر راہل گاندھی نے کانگریس ورکنگ کمیٹی (سی ڈبلیو سی) تشکیل دی تھی اور اب انہوں نے لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر کورگروپ کمیٹی کا اعلان کردیا ہے ۔ سی ڈبلیو سی اور گروپ کمیٹی (سی جی سی) موازنہ کیا جائے تو صاف نظر آتا ہے کہ 48 سالہ پارٹی صدر راہل گاندھی نے ایک اور سی ڈبلیو سی میں نوجوان جوش کے ساتھ تجربہ کار لیڈروں کو جگہ دی تھی لیکن اگلے عام انتخابات کے لئے تشکیل کردہ کور گروپ کمیٹی میں نوجوانوں کے مقابلے میں تجربہ کے حامل لیڈروں کو ترجیح دی ہے۔ لوک سبھا چناؤ کے لئے تشکیل کردہ کور گروپ کمیٹی میں 9 قدآور لیڈروں کو رکھا گیا ہے ۔ان 9لیڈروں میں سے 6 وہ شخصیات ہیں جو 23 رکنی سی ڈبلیو سی میں بھی شامل ہیں ۔
’’7 لیڈر 60 کے اوپر‘‘ کورگروپ پر نظر ڈالی جائے تو راہل گاندھی نے نوجوانوں کی بجائے بزرگ لیڈروں پر اعتماد کیا ہے ۔ رندیپ سرجے والا (51) اور کے سی وینوگوپال (55) سے قطع نظر کمیٹی میں شامل دیگر لیڈروں کی عمر یا تو 70 کے قریب ہے یا پھر اس کے اوپر۔پارٹی کے جنرل سکریٹری اشوک گہلوٹ نے یہاں پارٹی کے کور گروپ ، منشورکمیٹی اور تشہیری کمیٹی قائم کئے جانے کی اطلاع دی۔9رکنی کور گروپ میں اے کے انتونی ، غلام نبی آزاد، پی چدمبرم، اشوک گہلوٹ، ملیکارجن کھرگے ، احمد پٹیل، جے رام رمیش، رندیپ سرجے والا اور کے سی وینوگوپال کو شامل کیا گیا ہے ۔منشور کمیٹی میں19لیڈروں کو رکھا گیا ہے جن میں پی چدمبرم، سلمان خورشید، جے رام رمیش، کماری سیلجا، بھوپندر سنگھ ہڈا، مکل سنگما، ششی تھرور، سیم پترودا، رجنی پاٹل، سشمتا دیو، راجیو گوڑا، رگھوبیر مینا، بندو کرشنن، بھال چندر مونگیکر، میناکشی نٹراجن، سچن راؤ، من پریت بادل، تامردھوج ساہو اور للت یش ترپاٹھی شامل ہیں۔تشہیری کمیٹی میں آنند شرما، راجیوشکلا، رندیپ سرجے والا، منیش تیواری، پرمود تیواری، ملند دیوڑا، پون کھیڑا، کمار کیتکر، بھکت چرن داس، پروین چکرورتی، وی ڈی ستیشن، دیویا سنپدنا اور جے ویر شیرگل کو رکھا گیا ہے ۔
2019 انتخابات کیلئے تشکیل کردہ کور گروپ میں بزرگ لیڈروں کی بھرمار ہے۔ اگلے سال انتخابات میں نریندرمودی اور امیت شاہ کی جوڑی کا سامنا کرنے کانگریس اپنے بزرگ سپہ سالاروں کے ساتھ اترے گی تو یہ دیکھنا دلچسپی سے خالی نہ ہوگا کہ بزرگ کندھوں کے بھروسے کانگریس ،ان سے کس طرح محاذ آرائی کرے گی۔ اور راہل گاندھی کس حکمت عملی کو اپنائیں گے ۔